ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / عالمی خبریں / آزاد ممبر اسمبلی راجہ بھیاسمیت 5 افراد پرقتل کامقدمہ درج

آزاد ممبر اسمبلی راجہ بھیاسمیت 5 افراد پرقتل کامقدمہ درج

Sun, 12 Mar 2017 20:25:38    S.O. News Service

رائے بریلی،12/مارچ (ایس  او نیوز/آئی این ایس انڈیا)اترپردیش کے دبنگ لیڈر اورایم ایل اے راجہ بھیا گرچہ الیکشن جیت گئے ہیں، لیکن اس کے ساتھ ہی ان کے خلاف ایک فوجداری مقدمہ بھی درج ہوگیاہے۔ان کے خلاف سازش کے تحت ایک نوجوان کو قتل کرانے کا الزام لگا ہے، نوجوان کی موت جمعہ کو ٹرک سے ٹکر لگنے پر ہوئی تھی۔ پرتاپ گڑھ کی کنڈہ اسمبلی سیٹ سے آزاد امیدوار کے طور پر الیکشن جیتے رگھوراج پرتاپ سنگھ عرف راجہ بھیا اور قانون ساز کونسل کے رکن اکشے پرتاپ سنگھ سمیت پانچ افراد کے خلاف ہفتہ کو قتل اور سازش رچنے کا مقدمہ درج کیا گیا۔پولیس سپرنٹنڈنٹ عبد الحمید نے بتایا کہ اونچاہار کوتوالی علاقے کے ارکھا گاؤں کے قریب جمعہ کو رات میں موٹر سائیکل سوار 25سالہ نوجوان یوگیندر یادو کو ایک ٹرک نے ٹکر مار دی تھی، اس سے اس کی موقع پر موت ہو گئی تھی۔پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو گرفتارکر لیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ یوگیندر پرتاپ گڑھ کے ہتھی گاؤں تھانہ حلقے کے بلی پور  گاؤں کا رہائشی تھا۔اس معاملے میں متوفی کے چچا سدھیر کمار یادو نے آج اونچاہار کوتوالی میں مقدمہ درج کرایا تھا جس میں کنڈا سے رکن اسمبلی راجہ بھیا، قانون ساز کونسل کے رکن اکشے پرتاپ سنگھ عرف گوپال جی، راجہ بھیا کے ملازم ننھے سنگھ اور ان کی گاڑی کے ڈرائیور سنجے پرتاپ سنگھ اور ٹکر مانے والے ٹرک ڈرائیور کو نامزد کیا گیا ہے۔تحریر میں الزام لگایا گیا ہے کہ راجہ بھیا نے سازش کرکے یوگیندر یادو کو ٹرک سے کچلواکر اس کا قتل کروایا ہے، بہر حال، پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔


Share: